ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے : سینیٹر سراج الحق

ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے : سینیٹر سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور اداروں کے درمیان ٹکراؤ کی صورتحال پیدا نہ کی جائے ۔ نوازشریف اور مشرف سمیت سب کو قانون کے دائرے میں لائے بغیر قانون کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا ۔ ملک آئین کی بالادستی سے ہی ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھے گا۔حکمران جماعت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو دل سے تسلیم نہیں کیا ۔ سابقہ و موجودہ وزیراعظم اور کابینہ جس خود فریبی میں مبتلا ہیں ، عوام کو بھی اس کا شکار کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو کر رہے گی ۔ سپریم کورٹ پرویز مشرف اور زرداری حکومتوں کے میگا سکینڈلز کے مقدمات اور لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کے اقدامات کرے ۔ نواز شریف  مظلوم بننے اور عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے نوزائیدہ حکومت کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کی منصوبہ عمل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس کی صدارت نائب امیر و نگران منصوبہ عمل کمیٹی راشد نسیم نے کی جبکہ سیکرٹری کمیٹی اظہر اقبال حسن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جب تک احتساب کے دائر ے کو کرپشن کے میگا سکینڈلز میں ملوث بڑے مگر مچھوں اور پانامہ لیکس میں موجود دیگر 436 لوگوں تک نہیں پھیلایا جاتا ، نوازشریف اور ان کی نئی کابینہ کو فیصلے کے خلاف عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کا موقع ملتا رہے گا اس لیے ضروری ہے کہ پانامہ کیس کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور موجودہ و سابقہ حکومتوں میں ہونے والی کرپشن کے کیسز کو جلد از جلد اوپن کر کے قومی دولت لوٹنے والوں کو پکڑا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ احتساب کے ادھورے عمل سے عوام میں مایوسی پھیلے گی اور کرپشن کیسزکے ختم کرنے کی کوششوں کو دھچکا لگے گا ۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرناچاہیے اور فیصلے کے خلاف بیان بازی سے اداروں میں ٹکراؤ کی کوشش نہیں کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ اس رویے سے ان کی جماعت کی حکومت کے لیے ہی مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں