عمران خان ملک کے لوگوں کے لیے مثال بنیں، چیف جسٹس

عمران خان ملک کے لوگوں کے لیے مثال بنیں، چیف جسٹس
کیپشن: عمران خان کی حکومت بننے والی ہے لہذا بنی گالا تجاوزات کے معاملے کو اب عمران خان خود دیکھیں، چیف جسٹس۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی جس میں سروے جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا ہے کہ عدالت سروے جنرل آفس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔ سروے جنرل آفس کی جانب سے دارالحکومت اور کورنگ نالہ کی حد بندی کا سروے نہیں ہوا۔

سروے جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کورنگ نالہ کے سروے کے لیے ہمیں ریکارڈ اور نقشے چاہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ محکمہ مال سروے آفس کو آج ہی مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرے جب کہ جو ریاستی ادارے تعاون نہ کریں ان کے خلاف ایکشن لیں گے اور محکمہ مال نے عدالتی احکامات کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔

مزید پڑھیں: عامر خان، منہاج قاضی، رئیس مما پر ترمیمی فرد جرم عائد

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ چائے پانی کے لیے ہم عدالت نہیں آتے کیونکہ عوام ہمیں اپنے پیسہ سے تنخواہ دیتے ہیں۔ محکمہ مال جب تک سروے جنرل آفس کو ریکارڈ فراہم نہ کرے سپریم کورٹ سے نہیں جائیں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ بنی گالا تجاوزات کی درخواست عمران خان نے ہی دی تھی اور عمران خان کی حکومت بننے والی ہے لہذا بنی گالا تجاوزات کے معاملے کو اب عمران خان خود دیکھیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: لاہور: دو گروپوں میں تصادم، ایک ہی خاندان کے 5 افراد قتل

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ عمران خان ملک کے لوگوں کے لیے مثال بنیں جس پر بابر اعوان نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں وزیراعظم لوگوں کے لیے مثال بنیں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ عمران خان ابھی ملک کے وزیراعظم نہیں بلکہ آنے والے وزیراعظم ہیں اور عمران خان بنی گالہ کے مسائل سے آگاہ ہیں۔ عمران خان بنی گالہ کے مسائل حل کر لیتے ہیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں