کارکردگی میں تسلسل کیلئے نوجوان کرکٹرز کو مواقع دینا ہونگے ، انضمام

کارکردگی میں تسلسل کیلئے نوجوان کرکٹرز کو مواقع دینا ہونگے ، انضمام
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ کارکردگی میں تسلسل کیلئے نوجوان کرکٹرز کو مواقع دینا ہونگے جب کہ وقت کے ساتھ مزید بہتری آتی جائیگی۔

آئی سی سی کو انٹرویو میں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہاکہ ورلڈ کپ 1992کے سیمی فائنل اور فائنل میں2 اننگز سے ملنے والا اعتماد پورے کیریئر میں میرے ساتھ رہا،میگا ایونٹ میں کامیابی نے مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کوئی بھی کرکٹرہو کھیل سے جذباتی لگاﺅ کی وجہ سے اس کا کرکٹ سے دور رہنا مشکل سے بات ہے،میں بھی ریٹائر ہوا تو کچھ عرصے کیلیے اپنے دیگر کاموں میں مصروف ہوگیا، تاہم اس دوران بھی دل چاہتا تھا کہ کرکٹ کی طرف آﺅں اور اس کھیل کے ساتھ وابستہ رہوں،افغانستان کیلیے ایک سال کوچنگ کرنے کا موقع ملا، اس کے بعد پی سی بی کے ساتھ بطور سلیکٹر منسلک ہوا، دونوں کام مختلف نوعیت لیکن دلچسپ ہیں،میں اپنی ذمہ داریوں سے لطف اندوز ہوا۔

انضمام الحق نے کہا کہ کرکٹ میں کوئی بھی کردار ہو سابق کرکٹرز کیلیے اطمینان کا باعث ہوتا ہے، قومی ٹیمیں منتخب کرنے کا تجربہ بھی اچھا رہا،چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس کی کارکردگی بہترین رہی،نیوزی لینڈ میں کھیل کا معیار برقرار نہیں رکھ پائے، ٹیم بیشتر نوجوان کرکٹرز پر مشتمل اور تشکیل نو کے مراحل میں ہے، کارکردگی میں تسلسل کیلیے ہمیں ان کھلاڑیوں کو مواقع دینا ہوں گے۔