شہباز شریف نے این اے 249 کے نتائج سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیئے

شہباز شریف نے این اے 249 کے نتائج سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیئے
کیپشن: اس حلقے سے فیصل واوڈا 35344 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے این اے 249 کے انتخابی نتائج سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیئے۔ این اے 249 کراچی سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا سے ہار گئے تھے۔ اس حلقے سے فیصل واوڈا 35344 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ شہباز شریف 34626 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

شہباز شریف نے این اے 249 کراچی میں 700 سے زائد ووٹوں کے فرق سے ہارنے پر دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جسے ریٹرنگ افسر نے مسترد کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے شوکت یوسفزئی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

گزشتہ روز شہباز شریف کی جانب سے این اے 249 کے نتائج کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی گئی تھی اور اب انہوں نے انتخابی نتائج کو سندھ ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کر دیا ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ووٹوں کی گنتی میں شدید بےقاعدگیاں ہوئی ہیں اور انہی بے ضابطگیوں کے باعث پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کامیاب ہوئے ہیں لہذا ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عمران خان ملک کے لوگوں کے لیے مثال بنیں، چیف جسٹس

سندھ ہائیکورٹ نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کر لی جس کے بعد درخواست کی سماعت آج ہی ہونے کا امکان ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں