عارف پینٹر 13 اگست کو گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ پرفارم کریں گے

عارف پینٹر 13 اگست کو گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ پرفارم کریں گے
کیپشن: میری خواہش تھی کہ اپنا ٹیلنٹ دکھانے کے لیے کوئی باقاعدہ پلیٹ فارم ملے، عارف۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: سوشل میڈیا پر آج کل عارف نامی ایک پینٹر کے چرچے ہیں، جس کی مدھر آواز سننے والوں کے کانوں میں رس گھول دیتی ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں فیس بک پر 'اکبر ٹوئیٹ' نامی ایک پیج سے عارف کی لائیو ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں وہ ایک گھر میں دیواروں پر پینٹ کرتے ہوئے اپنی آواز کا جادو جگا رہے تھے۔ یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی اور ہر جگہ عارف کی آواز کے چرچے ہونے لگے اور اب عارف پینٹر 13 اگست کو لاہور میں گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ بھی پرفارم کرنے جا رہے ہیں۔

عارف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں گلوکاری کا بہت شوق ہے وہ گزشتہ 12 برس سے گانا گا رہے ہیں اور ان کی خواہش تھی کہ انہیں اپنا ٹیلنٹ دکھانے کے لیے کوئی باقاعدہ پلیٹ فارم ملے۔

گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ میں کراچی سے پینٹ کرنے کے لیے اکبر بھائی کے گھر راولپنڈی گیا تھا جہاں میں دیوار پر رنگ کرنے کے ساتھ گانے بھی گا رہا تھا۔ اس دوران اکبر بھائی مجھ سے بہت متاثر ہوئے اور انہوں نے میری ویڈیو بنا ڈالی۔

عارف نے بتایا کہ اکبر بھائی نے مجھے بتایا تھا کہ وہ ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہے ہیں تاکہ میرا ٹیلنٹ سامنے آ سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ آج شو میں آ کر بہت خوش ہیں اور جلد ہی لاہور میں 13 اگست کی رات گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ پرفارم کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی سریلی آواز کا جادو بھی جگایا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں