پاکستان تحریک انصاف اور بی این پی مینگل کے درمیان اگلے دو دن میں تحریری معاہدہ ہو جائے گا 

پاکستان تحریک انصاف اور بی این پی مینگل کے درمیان اگلے دو دن میں تحریری معاہدہ ہو جائے گا 

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف اور بی این پی (مینگل) کے درمیان اگلے دو دن میں تحریری معاہدہ ہو جائے گا, عمران خان بلوچستان ہاؤس میں آ  کر اختر مینگل سے ملاقات کریں گے اور دونوں رہنما معاہدے پر دستخط کریں گے.

تفصیلات کے مطابق پاکستان, تحریک انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں, پاکستان تحریک انصاف نے چھ نکات پر آمادگی کا اظہار کر دیا ہے, سینیٹر جہانزیب جمالدینی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمارے چھ نکات تسلیم کر لیے ہیں اب صرف معاہدے پر دستخط باقی رہ گئے ہیں جو اگلے دو دن کے اندر ہو جائیں گے. انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہاؤس میں تحریری معاہدہ کیا جائے گا اور عمران خان اس معاہدے پر دستخط کریں گے جبکہ ہماری جماعت کے سربراہ اختر مینگل بی این پی کی طرف سے معاہدے پردستخط کریں گے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چےئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چےئرمین عمران خان نے بلوچستان نیشنل پارٹی ( مینگل ) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی جانب سے پیش کئے گئے چھ نکات پر اتفاق کر لیا ۔ 

ایک رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کو اختر مینگل کے 6 نکات پر بریف کیا گیا تھا اور عمران خان نے ان نکات پر آمادگی ظاہر کر دی ہے جس کے بعد عمران خان اور اختر مینگل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہو چکا ہے اور جلد اسلام آباد پہنچتے ہی دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہو  گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سردار اختر مینگل کی پارٹی پی ٹی آئی کو ضرور سپورٹ کرے گی جبکہ شاہ زین بگٹی کی جمہوری وطن پارٹی سے بھی حمایت حاصل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے ۔