شہباز شریف نے شاہ محمود قریشی کے سعودی عرب  بارے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیدیا

شہباز شریف نے شاہ محمود قریشی کے سعودی عرب  بارے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیدیا


اسلام آباد :پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سعودی عرب کے بارے میں بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دےتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کے ہمیشہ کے دوست برادر ملک سعودی عرب کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیان افسوسناک، قابل مذمت اور قومی وملی مفادات کے منافی ہے ،سعودی عرب کے ساتھ موجودہ حکومت کے ربط و تعلق اور انداز بیان پر قوم کو تشویش ہے، برادر اسلامی ملک کے بارے میں میڈیا پر بیان غیر ذمہ داری کی انتہا اور بڑی سفارتی حماقت ہے۔

اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ پاکستان کے ہمیشہ کے دوست برادر ملک سعودی عرب کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیان افسوسناک، قابل مذمت اور قومی وملی مفادات کے منافی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹجک اور باہمی اعتماد پر مبنی تاریخی برادرانہ تعلقات استوار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب نے جوہری دھماکوں سمیت پاکستان کو درپیش مشکل اور آزمائش کے ہر مرحلے پرپاکستان اور اس کے قومی مفادات میں ساتھ دیا ۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ موجودہ حکومت کے ربط و تعلق اور انداز بیان پر قوم کو تشویش ہے، برادر اسلامی ملک کے بارے میں میڈیا پر بیان غیر ذمہ داری کی انتہا اور بڑی سفارتی حماقت ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ رویہ امت مسلمہ کے اتحاد، ملی مفادات اور پاکستان کے کلیدی مفادات کے منافی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے موجودہ حکومت اپنی عاقبت نااندیشی سے پاکستان کو خارجہ میدان میں تنہائی کا شکار کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت خارجہ محاذ پر نازک معاملات کو اپنی حماقت یا پھر کسی دانستہ ایجنڈے کے تحت زک پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ امت کے اتحاد اور ان میں اختلاف کو سلجھانے میں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اس سے پہلے پاکستان کے قریبی اور دوست ممالک سے متعلق بھی ایسی ہی حرکتیں کرچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب سے معذرت کی جائے اور معاملات کو خوش اسلوبی، دانائی اور احسن انداز سے ڈیل کیاجائے۔