شان مسعودانگلینڈ میں24سال بعد سینچری بنانے والے پہلے پاکستانی اوپنر

 شان مسعودانگلینڈ میں24سال بعد سینچری بنانے والے پہلے پاکستانی اوپنر

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ گراؤنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوران شان مسعود نے ایک اور منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

شان مسعود انگلینڈ میں 24 سال بعد سینچری بنانے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے ہیں۔ وہ 92 کے بعد اولڈ ٹریفرڈ میں سینچری بنانے والے پہلے پاکستانی اوپنر ہیں۔انہوں نے مسلسل تین ٹیسٹ سینچریز کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔ اولڈ ٹریفرڈ میں سو سے زاید گیندیں کھیلنے والے دنیا کے واحد اوپنز کا اعزاز بھی شان مسعود نے اپنے نام کیا۔شان مسعود اس خطرناک گراؤنڈ پر100 سے زائد گیندیں کھیلنے میں کامیاب ہوئے ہیں جب کہ گزشتہ چار سال میں دنیا کا کوئی بھی اوپنر اس پچ پر100 گیندوں تک ٹھہر نہیں سکا۔انگلینڈ کے خلاف جاری مقابلوں میں شان مسعود کے لیے جیمز اینڈرسن سے مقابلہ ان کی کارکردگی کے لیے نہایت اہم ہے کیونکہ اس سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل شان نے اینڈرسن کی جانب سے 57 گیندوں کا سامنا کیا ہے اور وہ صرف 15 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ اینڈرسن نے انھیں چھ بار آؤٹ کیا ہے۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 326 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ شان مسعود نے 156 رنز کی شاندار اور تاریخی اننگ کھیلی جب کہ بابر اعظم بھی قومی ٹیم کے مجموعی اسکور میں 69 رنز کا اضافہ کرکے نمایاں بلے باز قرار پائے۔ شاداب خان نے بھی نمایاں 45 رنز بنائے ہیں۔انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک چار وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنائے ہیں۔پاکستان کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عباس نے انگلینڈ کے دو بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ شاہین آفریدی اور یاسر شاہ نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔

انگلینڈ کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 234 رنز درکار ہیں جب کہ اس کے پاس چھ وکٹیں باقی ہیں۔