'اپوزیشن این آر او کا شور مچاتی رہی لیکن اب آگے بڑھنے کا وقت آ گیا'

'اپوزیشن این آر او کا شور مچاتی رہی لیکن اب آگے بڑھنے کا وقت آ گیا'
کیپشن: لاہور کو بچانا ہے تو راوی منصوبہ بنانا ہو گا، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے 2 سال بہت مشکل سے گزارے اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ کچھ لوگ کہتے تھے کہ این آر او دیں تو قانون سازی میں ساتھ دیں گے۔ تاہم اب آگے بڑھنے کا وقت آ گیا ہے۔

لاہور راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آلودگی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ اس لئے ماڈرن شہر ناگزیر ہو چکا اور اس منصوبے سے سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 سال میں لاہور کا پانی 800 فٹ نیچے چلا گیا اور پنجاب میں زرعی علاقہ کم ہوتا جا رہا ہے۔ دریائے راوی ایک نالہ بن کر رہ گیا ہے۔ اس لئے راوی اربن ڈیویلپمنٹ منصوبہ ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کو بچانا ہے تو راوی منصوبہ بنانا ہوگا۔ یہ منصوبہ نہ بنا تو لاہور کا حال کراچی جیسا ہو جائے گا۔ سیوریج کا پانی صاف کرکے راوی میں ڈالا جائے گا۔ راوی کے پاس بننے والے شہر کی عمارتیں اونچی بنائیں گے۔ اس منصوبے پر 50 ہزار ارب روپے لاگت آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کیلئے بڑے مواقع دیئے جائیں گے۔ راوی اربن پراجیکٹ میں لوگوں کو روزگار ملے گا۔ کنسٹرکشن کمپنی کے ساتھ مزید 40 صنعتیں چلیں گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ اسلام آباد کے بعد دوسرا منصوبہ ہوگا جہاں نیا شہر بننے جا رہا ہے۔ اس منصوبے کی کارکردگی کا خود جائزہ لوں گا۔ نئے بننے والے شہر کے اردگرد 60 لاکھ درخت اگائے جائیں گے۔