ماہرہ خان کی فلم " پرنس چارمنگ " ہٹ ہوگئی

ماہرہ خان کی فلم
سورس: file photo

کراچی :اداکارہ ماہرہ خان کی فلم " پرنس چارمنگ " سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی ،عوامی پذیرائی پر اداکارہ نے مداحوں کا شکریہ اداکیا ہے ۔ 

اداکارہ ماہرہ خان اورزاہد احمد کی 11 منٹ اور 25 سیکنڈ کی شارٹ فلم " پرنس چارمنگ " یوٹیوب پر ریلیز کی گئی ہے ۔ فلم ریلیز ہوتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد نے اسے دیکھا اور 24 گھنٹوں سے بھی  کم وقت میں یوٹیوب پر اس فلم کو ڈھائی لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

فلم کی کہانی شوہر اور بیوی کے درمیان رشتے کے گرد گھومتی ہے فلم میں دونوں کے رشتے کو کافی پیچیدہ دکھایا گیا ہے۔ فلم میں ماہرہ خان نے زاہد احمد کی بیوی کا کردار ادا کیا ہے جو اپنے شوہر کی توجہ پانے کی منتظر رہتی ہے جب کہ زاہد احمد ایک ایسے شوہر کے کردار میں نظر آرہے ہیں جسے اپنے کام کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔

  فلم میں شادی کے بعد شوہر کی توجہ نہ ملنے پر خواتین میں ہونے والے ڈپریشن جیسے اہم مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے کہ کس طرح خواتین اپنے شوہر کی توجہ نہ ملنے کی وجہ سے ذہنی مسائل سے دوچار ہوجاتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر عوام کی بڑی تعداد کی طرف سے فلم کو پسند کرنے پر اداکارہ ماہرہ خان نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔