بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 439 میگاواٹ، 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری

بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 439 میگاواٹ، 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری

اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 439 میگا واٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث شہروں میں 6 تا 8 اور دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ملک میں معمول سے زیادہ بارشوں کے باوجود بجلی کی مطلوبہ پیداوار پوری نہیں ہو سکی اور بجلی کی مجموعی پیداوار 18 ہزار 461 میگا واٹ جبکہ کل طلب 24 ہزار900 میگا واٹ ہے او ریوں شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگاواٹ کے قریب پہنچ چکا ہے۔ 
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 7 ہزار 500 میگاواٹ، پانی سے 6 ہزار 700 میگاواٹ اور جوہری ایندھن سے 2 ہزار 425 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ 
اسی طرح ہوا سے چلنے والے پاور پلانٹس سے 786 میگا واٹ، شمسی توانائی کے ذریعے چلنے والے پلانٹس سے 145 میگاواٹ اور سرکاری تھرمل پلانٹس سے 830 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق بجلی کے شارٹ فال میں اضافے کے سبب ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور شہری علاقوں میں 8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں