راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج ایک ریاستی ادارہ ہے جس کا کام قوم کی خدمت کرنا ہے۔قومی سلامتی اور ترقی تمام ریاستی اداروں کی قومی ذمہ داری ہے تاہم پاک فوج اپنا کردار جاری رکھے گی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے کوئٹہ میں ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ فار بلوچستان سے متعلق سمینار سے خطاب میں کہا کہ مستقبل کا بلوچستان قومی ترقی کی کوششوں کا انجن ہو گا، کل کے بلوچستان کا شمال سے جنوب اور مغرب تک مثالی رابطہ ہو گا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 600 افسران سمیت 20 ہزار بیٹے خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ فضائیہ، بحریہ اور دیگر قانون نافذ کرنیوالےاداروں میں کام کرنے والے بلوچ شامل کریں تو یہ تعداد کہیں زیادہ ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہمارامستقبل روشن ہے اور نوجوان بھرپور کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کافی وسائل موجود ہیں صرف ان وسائل کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ جمہوریت پر یقین رکھتا ہوں جب کہ فوج ایک ریاستی ادارہ ہے جس کا کام قوم کی خدمت ہے، بے لوث خدمت کی جمہوری اقدار، اخلاقی اتھارٹی کی بالا دستی پر یقین رکھتا ہوں، قوم کے لیے بے لوث خدمت کا فرض ہم سب پرعائد ہوتا ہے۔