حکومت بدعنوانی کے خاتمہ سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے:زرتاج گل

حکومت بدعنوانی کے خاتمہ سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے:زرتاج گل
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد :وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک سے بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے اور قومی معیشت کی بہتری سے ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتوں کی ناکام اور غیر موثر پالیسیوں کی بدولت ملک کو اقتصادی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے دور حکومت میں قرض لیے اور بہت سے کرپشن سکینڈلز میں بھی ملوث رہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے میٹر بسوں ، اورنج لائن ٹرین سمیت اربوں روپے کے منصوبے شروع کر دئیے جنہوں نے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق صدر آصف علی زرداری بدعنوانی کے کیسز کا سامنا کر رہے ہیں جو گزشتہ دور حکومت میں درج کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار عدالت سے مفرور ہیں جو بدترین ملکی معیشت کے ذمہ دار ہیں۔ زرتاج گل وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنی منی ٹریل کے بارے میں جھوٹ بولا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام کرپٹ عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی موثروکارآمد پالیسیوں، مثبت پروگراموں اور صوبائی حکومت کی بہتر کارکردگی کے بدولت پاکستان تحریک انصاف نے 2018ءکے عام انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کی۔