پاکستان نے ٹرمپ کے خط کا جواب دینے کا فیصلہ کر لیا

 پاکستان نے ٹرمپ کے خط کا جواب دینے کا فیصلہ کر لیا
کیپشن: وزیراعظم نے امریکی صدر کا خط وزارت خارجہ کو دے کر جواب تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔۔۔۔فوٹو/ عمران خان آفیشل فیس بُک پیج

اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے درمیان برف پگھلنے لگی۔ پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کا جواب دینے کا فیصلہ کرلیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق، وزیراعظم نے امریکی صدر کا خط وزارت خارجہ کو دے کر جواب تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ پاکستان نے امریکی درخواست پر مثبت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے اور جوابی خط میں افغان مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔

جوابی خط میں پاک-امریکا اسٹریٹجک مذاکرات کی بحالی کی تجویز بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خط میں دو طرفہ تجارتی اور معاشی روابط بہتر بنانے پر بھی زور دیا جائے گا۔

گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان نے عالمی طاقتوں کو پہلے ہی باور کروایا تھا کہ افغان تنازعے کا حل طاقت کے استعمال سے ممکن نہیں ہے اور اس بات کی خوشی ہے کہ آج امریکا پاکستان کے موقف کو تسلیم کر رہا ہے۔آج عالم اقوام میں امن کے قیام کے سلسلے میں پاکستان کے کردار پر بات ہو رہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے ٹی وی اینکرز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ امریکی صدر نے انہیں خط لکھا ہے جس میں پاکستان سے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تعاون مانگا گیا ہے۔