بھارت کی آبی جارحیت جاری ، دریائے راوی پر نیا ڈیم بنانے کی منصوبہ بندی

بھارت کی آبی جارحیت جاری ، دریائے راوی پر نیا ڈیم بنانے کی منصوبہ بندی
کیپشن: image by facebook

لاہور : بھارت آبی جارحیت سے باز نہ آیا ، دریائے راوی پر ایک نیا ڈیم بنانے کی منصوبہ بندی کر لی جس سے دریائے راوی کے ذریعے پاکستان میں کبھی کبھار آنے والا پانی بھی ختم ہو جائے گا۔


تفصیلات کے مطابق بھارت کی آبی جارحیت جاری ہے ، مکروہ سازش کرتے ہوئے سترہ سال پرانے منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے ، مرکزی حکومت نے منصوبے کی تکمیل کے لیے فنڈز  جاری کر دیے ہیں،  ڈیم 2022/23 میں مکمل کیا جائے گا جس سے راوی کے ذریعے پاکستان کو ملنے والے بچے کھچے پانی کو بھی روک دیا جائے گا۔


شاہپور کندی ڈیم پر دو ہزار دو سو پچاسی کروڑ روپے لاگت آئے گی ، منصوبے کی تکمیل کے لیے حکومت فوری طور پر چار سو پچاسی کروڑ روپے جاری کرے گی ، ڈیم کی تعمیر سے مدھپور ہیڈورکس سے پاکستان آنے والے پانی کو روکا جا سکے گا جو  کہ بھارت کے مطابق اب ضائع ہو رہا ہے۔


پاکستان کی جانب سے اس مکروہ منصوبے پر ابھی تک کوئی ردعمل نہیں آیا ہے ، حکومت کو دیکھنا ہوگا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور بھارت کے درمیان طے کیے گئے انڈس ٹریٹی معاہدے کی خلاف ورزی ہے یا نہیں کیونکہ اس منصوبے سے دریائے راوی میں بھارت کی جانب سے آنے والے پانی کی مقدار  نہ ہونے کے برابر رہ جائے گی جو  کہ پہلے ہی ختم ہو چکی ہے ۔