سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان، فواد عالم کی واپسی

سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان، فواد عالم کی واپسی
کیپشن: اظہر علی ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے، مصباح الحق۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سری لنکا کے خلاف قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں کئی برسوں بعد فواد عالم کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا۔

مصباح الحق کا کہنا تھا ٹیم کی سلیکشن تنہا نہیں کرتا بلکہ 6 سلیکٹرز کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا غور سے جائزہ لیکر انتخاب کرتے ہیں، سب کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم منتخب کی گئی تھی۔

سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے مصباح الحق نے بتایا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنے والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ افتخار احمد کی جگہ فواد عالم کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ موسیٰ خان کی جگہ عثمان شنواری کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

کئی سال سے ٹیم سے باہر رہنے والے فواد عالم قائداعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں اب تک 4 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں اور ان کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا امید ہے کہ اس بار ٹیم میں موقع ملے گا۔

مصباح الحق نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اظہر علی ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس، عابد علی، حارث سہیل، کاشف بھٹی، اسد شفیق، یاسر شاہ، شان مسعود، امام الحق اور عمران خان شامل ہیں۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا ہم نے بہترین ٹیم منتخب کی ہے جو سری لنکا کو شکست دے سکتی ہے۔