شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کا لندن میں اہم اجلاس ، اندرونی کہانی سامنے آگئی

 شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کا لندن میں اہم اجلاس ، اندرونی کہانی سامنے آگئی
کیپشن: Image Source: File Photo

لندن: پاکستان مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس  اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی زیر صدارت لندن میں ہوا۔ اجلاس میں ایاز صادق، مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، سینئر رہنما خواجہ آصف، خرم دستگیر، سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار، احسن اقبال، امیر مقام اور رانا تنویر نے شرکت کی۔

 اجلاس کے دوران لیگی رہنماؤں نے پارلیمنٹ میں ان ہاؤس تبدیلی، احتجاجی تحریک، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن اور الیکشن کمیشن کے نئے چیئر مین کے حوالے سے بھی خصوصی تبادلہ خیال کیاگیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا  کہ اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کا مؤقف ہے کہ پارلیمنٹ میں ان ہاؤس تبدیلی آ جائے۔

انہوں نے کہا  کہ پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر سیاسی ایشوز سے متعلق قیادت کو آگاہ کیا گیا جبکہ پارلیمنٹ میں نئی قانون سازی سے متعلق بھی آگاہ کیا۔اجلاس کے دوران برطانیہ سے رقم کی پاکستان منتقلی پر بات نہیں ہوئی۔

خواجہ آصف نے کہا  کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن کے معاملے پر ابھی بات نہیں کرنا چاہتا۔

اجلاس کے بعد لیگی رہنما ایون فیلڈ پہنچے تو حسین نواز اور دیگر نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد سینئر رہنماؤں نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں ایاز صادق، مریم اورنگزیب، خرم دستگیر، سینیٹر پرویز رشید، خواجہ آصف، اسحق ڈار، احسن اقبال، امیر مقام اور رانا تنویر شامل تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل لندن میں نواز شریف سے شہباز شریف کی اہم ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

شہبازشریف نے نوازشریف کو پارٹی کے اہم فیصلوں سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے تمام جماعتوں سے رابطوں اور گرینڈ تحریک شروع کرنے پر بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔