حارث رؤف ایک بار پھر میلبورن سٹارز کی نمائندگی کریں گے

حارث رؤف ایک بار پھر میلبورن سٹارز کی نمائندگی کریں گے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر حارث رؤف ایک بار پھر آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبورن سٹارز کی جانب سے روان سیزن میں ان ایکشن نظر آئیں گے۔ 
بگ بیش لیگ کی فرنچائز میلبورن سٹارز نے اعلان کیا ہے کہ رواں سیزن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر حارث رؤف کی ایک بار پھر ٹیم میں واپسی ہو ئی ہے اور وہ سیزن کے اختتام تک میلبورن سٹارز کو دستیاب ہوں گے۔ میلبورن سٹارز کے کوچ ڈیوڈ ہسی کا کہنا ہے کہ حارث رؤف کے ٹیم کا حصہ بننے کیلئے شدت سے منتظر ہیں کیونکہ ان کی وجہ سے ٹیم کی باؤلنگ انرجی اور کوالٹی میں اضافہ ہو گا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کی دریافت حارث رؤف نے دو برس قبل میلبورن سٹارز کی جانب سے سے پہلی مرتبہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں شرکت کی تھی اور انہیں خاصی شہرت ملی تھی جس کے بعد وہ پاکستانی کی نیشنل ٹیم میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔ 
حارث رؤف 27 دسمبر کو برسبین ہیٹ کے خلاف پہلا میچ کھیلیں گے جبکہ مزید پاکستانی کھلاڑیوں کا بی بی ایل کی ٹیموں کیساتھ معاہدے ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد لیگ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگ سپنر شاداب خان کی برسبین ہیٹ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے اور فخر زمان سڈنی تھنڈرز کا حصہ بن سکتے ہیں۔