ساجد خان نے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی، 76 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ، فالوآن سے بچنے کیلئے مزید 25 رنز درکار 

ساجد خان نے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی، 76 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ، فالوآن سے بچنے کیلئے مزید 25 رنز درکار 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ڈھاکہ: پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے سپنر ساجد خان نے 6 وکٹیں حاصل کر کے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی جس کے 76 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں اور اسے مزید 224 رنز کے خسارے کا سامنا ہے جبکہ فالو آن سے بچنے کیلئے اسے مزید 25 رنز درکار ہیں۔ 

شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے پہلی اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم نے 126 گیندوں پر 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے جبکہ عابد علی 39، عبداللہ شفیق 25، اظہر علی 56، فواد عالم 50 اور محمد رضوان نے 53 رنز بنائے۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 25 اوورز میں 73 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عبادت حسین اور خالد احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قومی ٹیم کی پہلی اننگز کے جواب میں بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن ساجد خان کے سپن جال میں پھنس گئی اور صرف 76 کے مجموعی سکور پر اس کے 7 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں اور اسے مزید 224 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے نجم الحسن شنتو 30، شادمان اسلام 3، مومن الحق 1، مشفیق الرحیم 5 اور لٹن داس 6 رنز بنا سکے جبکہ شکیب الحسن 23 اور تیج الاسلام صفر سکور کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جو پانچویں روز کھیل شروع کریں گے۔ 
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 12 اوورز میں صرف 35 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حسن علی نے ایک رن آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عبداللہ شفیق، اظہر علی، بابراعظم، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، ساجد خان، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ 
 بنگلہ دیش کی قیادت مومن الحق کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شادمان اسلام، محمود الحسن جوئے، نجم الحسین شنتو، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، لٹن داس، مہدی حسن، تیج الاسلام، خالد احمد اور عبادت حسین شامل ہیں۔