پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے:وزیر خارجہ

Minister of Foreign Affairs Shah Mahmood Qureshi, FO, Brussels capital of Belgium

برسلز :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بیلجیئم میں ہم منصب سے اہم ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور افغان صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ،شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں ابھرتے انسانی بحران کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی برادری نے فوری افغان عوام کی مدد نہ کی تو بڑا سانحہ پیش آ سکتا ہے ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی برسلز میں بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ صوفی ولمس  سے ملاقات کی ، دوران ملاقات پاکستان اور بیلجیئم کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا،وزیر خارجہ نے پاکستان اور بیلجیئم کے مابین دوطرفہ تجارت میں خاطر خواہ اضافے اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو سراہا  اور کہا کہ پاکستان بیلجیم کو ایک قریبی دوست اور ایک اہم تجارتی شراکت دار کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا  اور کہا کہ   پاکستان، بیلجیئم کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور سیاسی، اقتصادی، تجارتی، تعلیمی ، سائنسی و کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا متمنی ہے، علاقائی صورتحال پر تبادلہ ء خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان، نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ افغانستان میں انسانی بحران کی صورتحال کو قابو میں لانے ، معیشت کی بحالی اور دیرپا امن و استحکام کے لیے عالمی برادری کو موثر اور سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

وزیر خارجہ نے کہا پاکستان عالمی برادری کی توجہ افغانستان کی مخدوش معاشی صورتحال کی جانب مبذول کروانے کیلئے 19 دسمبر کو او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے، وزیر خارجہ نے اپنی ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پائمالیوں اور خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا ،اور کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت کی فراہمی سے انکار، پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے میں سب سے بڑی رکاوٹیں ہیں۔

 بیلجیئم کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ صوفی ولمس نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔اور  سفارتی اہلکاروں ، بین الاقوامی تنظیموں کے عملے،و دیگر غیر ملکیوں کے کابل سے محفوظ انخلاء میں بھرپور معاونت فراہم کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی دیگر قیادت کا شکریہ ادا کیا ، انہوں نے خاص طور پر  آپریشن "ریڈ کائٹ" کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، جس میں 201 بیلجین شہریوں سمیت 1400 افراد کو افغانستان سے بحفاظت نکالا گیا۔

واضح رہے کہ تقریباً ایک دہائی کے بعد پاکستان کے کسی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ ء بیلجیئم ہے،توقع ہے کہ وزیر خارجہ کے حالیہ دورے سے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دوطرفہ تعلقات  مزید مستحکم ہوں گے ،وزیر خارجہ  نے  بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ صوفی ولمس کو  دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے بخوشی قبول کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔