عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی درخواست پر 13 دسمبر کو سماعت ہو گی 

عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی درخواست پر 13 دسمبر کو سماعت ہو گی 

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 5 مقدمات کی سماعت 13 دسمبرکو ہو گیاور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اس ضمن میں کاز لسٹ بھی جاری کر دی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 13 دسمبر کو ہو گی جبکہ عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت بھی 13 دسمبر کو ہی ہو گی۔ 

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ضمنی انتخاب میں کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کیخلاف درخواست اور عمران خان کی جانب سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے کے معاملے کی سماعت بھی 13 دسمبر کو ہو گی۔ 

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) غیر ملکی فنڈنگ کیس کے حوالے سے اکبر ایس بابر کی درخواست پر سماعت بھی 13 دسمبر کو ہی کی جائے گی۔ 

واضح رہے کہ آج وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آ ئی اے) نے عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چار صفحات پر مشتمل جواب عدالت میں جمع کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اکاؤنٹ اوپننگ میں عمران خان کے دستخط اور پی ٹی آئی کا لیٹر ہیڈ استعمال ہوا۔ 

ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا کہ لاہور میں نجی بینک کی برانچ میں اکاؤنٹ چلایا جا رہا تھا، الیکشن کمیشن رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب اس اکاؤنٹ کو چلا رہی تھی۔

مصنف کے بارے میں