نیب کی زیر حراست علیم خان نے شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کی خدمات حاصل کرلیں

نیب کی زیر حراست علیم خان نے شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کی خدمات حاصل کرلیں
کیپشن: تصویر امجد پرویز ملک ٹوئٹر

لاہور: نیب کی زیر حراست پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان نے اپنا مقدمہ لڑنے کیلئے شہباز شریف کے وکیل کی خدمات حاصل کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق امجد پرویز آشیانہ سکینڈل میں شہباز شریف کے بھی وکیل ہیں جبکہ پانامہ کیس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی وکالت بھی کرتے رہے ہیں۔


خیال رہے کہ گزشتہ روز نیب نے علیم خان کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے میں گرفتار کر لیا تھا۔ اس سلسلے میں نیب حکام کا کہنا تھا کہ علیم خان سے ان کی آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے حوالے سے متعد د سوالات پوچھے گئے تھے، جن میں سے وہ اکثر کے تسلی بخش جوابات نہ دے سکے۔جس کی بناءپر انہیں مزید تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

نیب حکام کے مطابق آج علیم خان کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے جہاں ان کے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز علیم خان نیب کے دفتر پیش ہوئے تھے۔جہاں ان سے نیب عدالت نے پوچھ گچھ کی تھی۔

جہاں نیب نے علیم خان سے 18سوالات کئے جن میں سے وہ صرف3سوالات کے جواب دے سکے اور نیب کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد نیب نے انہیں حراست میں لے لیا۔


عبدالعلیم خان چوتھی بار قومی احتساب بیورو کے روبرو پیش ہو ئے تھے۔پی ٹی آئی رہنما کی ایف زیڈ سی اور اے این اے نامی کمپنیوں میں 90 کروڑ روپے سے زائد کی ٹرانزیکشنز ہوئی تھی۔

علیم خان کی مزید 6آف شور کمپنیاں سامنے آئی ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات اس سے پہلے سال 2018ءمیں تین بار نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو چکے ہیں لیکن تاحال نیب حکام ان کے جمع کروائے گئے ریکارڈ اور بیانات سے مطمئن نہیں ہو سکے۔