حمزہ کی ضمانت کا مطلب بریت نہیں، فردوس عاشق

 حمزہ کی ضمانت کا مطلب بریت نہیں، فردوس عاشق
کیپشن: میاں صاحب کے’پلیٹ لیٹس‘ کی خبر کی بجائے ریستوران سے پلیٹوں اور چمچوں کی کھنک سنائی دیتی ہیں۔۔۔فردوس عاشق۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ن لیگی رہنما سیاہ کو سفید نہیں کر سکتے اور حمزہ شہباز کی ضمانت کا مطلب بریت نہیں جبکہ سچائی سے بھاگنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جیلوں میں قید دیگر اسیروں کی بھی بیٹیاں ہیں، وہ بیٹیاں سوال کررہی ہیں کہ ان سےامتیازی سلوک کیوں؟۔

 

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف شدید بیماری کا بیان دے کر لندن گئے، ابھی تک اسپتال میں داخل نہیں ہوئے اور میڈیکل رپورٹس نے بھی’قطری خط‘ کا درجہ حاصل کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’شریفوں‘ نے قواعد و ضوابط سے جو کھلواڑ کیا، اس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، اب میاں صاحب کے’پلیٹ لیٹس‘ کی خبر کی بجائے لندن کے ریستوران سے پلیٹوں اور چمچوں کی کھنک سنائی دیتی ہیں۔میڈیکل رپورٹ کے ساتھ مریض کا ’مینیو کارڈ‘ بھی قوم کو بتایاجائے تاکہ قوم کو حقائق کا پتہ چل سکے۔