پرویز الہٰی کی وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش, چوہدری سرور کا بڑا دعویٰ

پرویز الہٰی کی وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش, چوہدری سرور کا بڑا دعویٰ

لاہور:  گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کا  کوئی ایک بیان بتا دیں جس میں وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش کا اظہار کر  رہے ہوں،حکومتی کمیٹی نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے مذاکرات جاری رہیں گے ،حکومت اتحادیوں سے کیے تمام وعدے پورے کرے گی ۔


انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کرپشن کے خلاف جہاد بھرپور قوت سے جاری ہے، احتساب سے بچنے کی کوشش کرنیوالوں کا کوئی بہانہ نہیں چلے گا ‘اپوزیشن کے اندازوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں،جہانگیر ترین بھی پارٹی کا حصہ ہیں اور ہم سب وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہو کر ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا   کہ موجودہ حکومت ہر سطح پر شفافیات اور میرٹ کو یقینی بنا رہی ہے، نیب سمیت احتساب کے تمام اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا ہے اور دو نہیں ایک پاکستان بنانے سمیت ہر وعدہ پورا کیا جائیگا۔حکومتی معاشی ٹیم کی انتھک محنت کے باعث ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے مگر ملک کا ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونا اپوزیشن سے ہضم نہیں ہو  رہا۔