کورونا وائرس نے مزید دوڈاکٹروں کی جان لے لی

کورونا وائرس نے مزید دوڈاکٹروں کی جان لے لی
سورس: File photo

اسلام آباد،ملک میں کورونا وائرس کے باعث مزید 2 ڈاکٹر  جان کی بازی ہار گئے۔

پمز ہسپتال اسلام آباد کے سابق چیف فارماسسٹ ڈاکٹر جاوید اقبال کورونا کے مرض میں مبتلا تھے ۔ ان کا پچھلے کئی ہفتوں سے علاج جاری تھا لیکن گزشتہ روز وہ جانبر نہ ہوسکے اور دار فانی سے کوچ کرگئے جبکہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ میں ڈاکٹر انیلہ نصیر بھی کورونا کے مرض میں مبتلا تھیں ۔ دوران علاج ان کو ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ جان کی بازی ہار گئیں ۔ 

دوسری جانب ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث مزید 53 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی  تعداد 11967 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1346 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 54 ہزار 474 تک جا پہنچی ہے۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں فعال کیسز کی تعداد 32265 ہوچکی ہے جبکہ صحتیاب مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 10 ہزار 242 ہے۔

اُدھر کورونا سے بچاؤ کیلئے ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکار ہے۔لاہور کے اسپتالوں میں چار روز میں اب تک صرف 150 کے قریب ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی گئی جبکہ سندھ میں چار روزکے دوران 15 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرزکو ویکسین لگائی گئی۔خیبرپختونخوا میں صرف 199 اور بلوچستان میں 97 افراد کوانسداد کورونا ویکسین لگائی گئی۔