حکومت نے سینیٹ کا الیکشن مذاق بنا دیا ہے، مولانا فضل الرحمان

حکومت نے سینیٹ کا الیکشن مذاق بنا دیا ہے، مولانا فضل الرحمان
سورس: File photo

کراچی،پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے سینیٹ الیکشن کو مذاق بنا دیا، دنیا جانتی ہے کہ  صدارتی آرڈیننس بدنیتی پر مبنی ہے، ہم آئین کے تحت کام کریں گے۔سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نےکراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  کہا کہ حکومت نے سینیٹ الیکشن کو مذاق بنا دیا، ہم آئین کے تحت کام کریں گے، سینیٹ الیکشن کے معاملے پر ایک طرف الیکشن کمیشن نے جواب داخل کیا دوسری جانب معاملہ عدالت میں ہے اور یک دم صدارتی آرڈیننس جاری کردیا گیا، دنیا جانتی ہے کہ یہ آرڈیننس بد نیتی پر مبنی ہے، عدالت نے بھی کہا کہ یہاں آئین خاموش ہے اور خاموشی کا علاج پارلیمنٹ سے رجوع کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی جن لوگوں کو سینیٹ کے ٹکٹ دی رہی ہے ان کے اپنے لوگ بھی انہیں ووٹ دینا نہیں چاہتے یہی وجہ ہے حکومت اوپن بیلٹ کے ذریعے انتخابات کروانا چاہتی ہے۔ 

فضل الرحمان نے  کہا کہ وزیراعظم سے 31 جنوری تک مستعفی ہونے کا کہا تھا اور استعفی نہ آنے پر چار فروری کو  لانگ مارچ کی ڈیڈ لائن دی، لانگ مارچ کا یہ فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا، روزانہ کی بنیاد پر حکمت عملی تبدیل کرنی پڑتی ہے، اب لانگ مارچ کے پلان کو قیادت طے کرے گی، یہ ایک تحریک ہے اور یہ چلتی رہے گی۔