سلو اوور ریٹ ،آئی سی سی نے جنوبی افریقی کپتان ڈوپلیسی کو ایک میچ کیلئے معطل کردیا

سلو اوور ریٹ ،آئی سی سی نے جنوبی افریقی کپتان ڈوپلیسی کو ایک میچ کیلئے معطل کردیا
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

کیپ ٹاﺅن:جنوبی افریقہ پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ تو جیت گیا مگر سلو اوور ریٹ پر آئی سی سی نے ایکشن لیتے ہوئے پروٹیز کپتان فاف ڈوپلیسی کو ایک میچ کے لئے معطل کرتے ہوئے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے تین میچوں کی سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )نے سال میں دو مرتبہ سلو اوور ریٹ پر جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی کو ایک میچ کے لئے معطل کردیا جبکہ ان پر میچ فیس کا 20 فیصد اور دیگر کھلاڑیوں پر 10 فیصد جرمانہ بھی عائدکیا گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے بتایا گیا کہ پروٹیز نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز مقررہ اوورز سے ایک اوور کم کیا تھا ،اس سے قبل جنوری 2017 ءمیں بھی بھارت کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ میں جنوبی افریقی کپتان کو سلو اوور ریٹ کی بناءپر وارننگ دی گئی تھی۔

عائد کردہ پابندی کے باعث فاف ڈوپلیسی پاکستان کے خلاف تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔