چھٹیاں ختم،سکول کھل گئے،وزیر تعلیم پنجاب کی تعطیلات میں اضافے کی خبروں کی تردید

چھٹیاں ختم،سکول کھل گئے،وزیر تعلیم پنجاب کی تعطیلات میں اضافے کی خبروں کی تردید
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

لاہور :سردی اور دھند میں شدت کے باعث پنجاب کے سکولوں میں سردیوں کی تعطیلات میں15 جنوری تک اضافہ کرنے کی خبروں کی حکومت پنجاب نے تردید کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کی جانب سے ایک ٹوئٹ گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں سردیوں کی چھٹیوں کو 15 جنوری تک بڑھا دیا گیا ہے ۔

اعلامیہ کے مطابق موسم سرما کی چھٹیاں 6 جنوری سے 15 جنوری تک بڑھائی گئی ہیں۔ تاہم اس وائرل ہونے والے ٹوئٹ کے بعد وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس بھی ایکشن میں آئے اور انہوں نے اس حوالے سے کسی بھی اعلامیے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ٹوئٹ جعلی ہے اور حکومت کی طرف سے ایسا کوئی بھی اعلان نہیں کیا گیا۔

تاہم آج موسم سرما کی تعطیلات کے بعدلاہور سمیت پنجاب بھر کے سکول کھل گئے،پہلے روز دھند اورسردی کی شدت کے باعث سکولوں میں طلباءکی حاضری 30 فیصد کم رہی۔سالانہ پیپرز قریب ہونے کی وجہ سے پہلے روز ہی سکولوں میں نصابی سرگرمیوں کا آغازکردیا گیا۔

دوسری جانب ایجوکیشن اتھارٹی لاہورکاکہنا تھاکہ پہلے روز سردی اوردھند کی وجہ سے بچے کم آئے، ایک دو روز میں حاضری 90 فیصد تک پہنچ جائے گی۔صوبائی وزیر تعلیم مرادراس کا کہنا تھا کہ چھٹیوں میں مزید اضافے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ، چھٹیوں میں اضافے سے متعلق سوشل میڈیا پرگردش کرنے والی خبریں محض افواہ ہیں۔