سرفراز احمد کا ٹیسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ

سرفراز احمد کا ٹیسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

کیپ ٹاؤن :(قادر خواجہ ) جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مسلسل دوسری شکست پر  قومی کپتان سرفراز احمد نے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد  نے ٹیسٹ ٹیم کی مسلسل ناکامی سے دلبرداشتہ ہو کرکپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق سرفراز کپتانی چھوڑنے کا اعلان آج کریں گے.ٹیم مینجمنٹ نے اگلے کپتان کیلئے سر جوڑ لیے جس میں اسد شفیق اورشان مسعود کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے تاہم ذرائع نیو نیوز کا کہنا ہے کہ شان مسعود  قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کیلئے تگڑے امیدوار ہیں ۔

خیال رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم کو سیریز میں بھی مسلسل دوسری شکست ہوئی ہے ۔ساؤتھ افریقہ سے قبل سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم کو  پاکستان کا ہوم گراؤنڈ سمجھے جانیوالے یو اے ای میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم نے 12 ٹیسٹ میچز کھیلے جن میں انہیں 7 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔قومی ٹیم سرفراز کی قیادت میں صرف 4 میچز جیتی جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا۔

ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کو لے کر سرفراز احمد پر کرکٹ کے حلقوں میں کافی تنقید بھی ہو رہی تھی اور نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد ساؤتھ افریقہ روانگی سے قبل سرفراز احمد یہ بات واضح کر چکے تھے کہ اگرا انہیں ساؤتھ افریقہ میں بھی شکست ہو گئی تو پھر وہ کپتانی چھوڑنے کے حوالے کچھ سوچیں گے ۔