جنگوں سے اجتناب ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، انتونیو گوٹیریس

جنگوں سے اجتناب ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، انتونیو گوٹیریس
کیپشن: ہمیں جنگوں کے باعث انسانی تکالیف کو نہیں بھولنا چاہیے، انتونیو گوٹیریس۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نیو یارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے کہا ہے کہ جنگوں سے اجتناب ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ نئے سال کا آغاز ہماری دنیا میں ہنگامہ خیزی سے ہوا ہے جبکہ میرا سادہ اور واضح پیغام ہے کہ کشیدگی ختم کریں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔

انتونیو گوٹیریس نے عالمی کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ تناؤ سے غیر متوقع فیصلے اور ان کے غیر متوقع مضمرات سامنے آ رہے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ ممالک کی جانب سے حساب کتاب کی غلطی کا گہرا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں جنگوں کے باعث انسانی تکالیف کو نہیں بھولنا چاہیے اور جنگوں کی سب سے بڑی قیمت عام آدمی کو چکانی پڑتی ہے۔

اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہم ایک خطرناک دور میں زندگی گزار رہے ہیں۔ جیو پولیٹیکل کشیدگی صدی میں اعلیٰ سطح پر ہے اور ہنگامہ بڑھتاجا رہا ہے۔

انہوں نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں دنیا کے اہم لیڈروں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔