پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین کا استعمال، دفتر خارجہ کی شدید مذمت

Foreign Office strongly condemns use of Afghan territory for terrorism in Pakistan
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین کو استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کا استعمال کیا جانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز پیش آںے والے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ افغان ضلع مہمند سے افغانستان میں موجود دہشتگردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل بارڈر پار سے ہونے والے حملے کا پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں فرنٹیئر کور کے جوان فضل واحد نے شہادت کا رتبہ پایا۔

زاہد حفیظ چودھری نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے دہشتگردوں کیخلاف فوری کارروائی کرے جو پاکستانی فوج کیخلاف کارروائیوں میں ملوث ہیں، ایسے دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کو فوری طور پر تلاش کرکے ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یاد رہے کہ افغانستان سے دہشتگردوں نے حملہ کرکے وطن کی حفاظت پر مامور ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے وہاں ڈیوٹی سرانجام دینے والے جوان کو شہید کر دیا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف سی کے جوانوں نے دہشتگردوں کی فائرنگ کا موثر جواب دیا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی فضل واحد شہید ہو گئے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں موجود دہشتگردوں کی جانب سے آئے روز پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ پاکستان کی جانب سے افغان حکام سے ان واقعات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے دہشتگردوں کی سرکوبی کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ 14 اکتوبر کو بھی پاک افغان بارڈر پر ایسا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہو گیا تھا۔