اپوزیشن ٹولہ این آر او کیلئے دربدر ہو چکا ہے، فردوس عاشق اعوان

Firdous Ashiq Awan, Pakistan, Politics, News
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام کے ٹھکرائے ہوئے عناصر گھر کے رہے نہ گھاٹ کے، اپوزیشن ٹولہ این آر او کیلئے دربدر ہو چکا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رسوائی اور شرمندگی ان کا مقدر ہے اور رہے گی۔ مریم نواز اور ان کی ہمنوا ہوس اقتدار میں در بدر پھر رہے ہیں جبکہ بلاول بھٹو اپنی راہ الگ کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان یاد رکھیں کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو ان سے ایک بار پھر ہاتھ کر چکے ہیں۔ پوری پی ڈی ایم الٹی بھی ہو جائے تو بھی انہیں این آر او نہیں ملے گا بلکہ لوٹ مار کا حساب ہو کر رہے گا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ استعفوں اور لانگ مارچ کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ وبا پھیلانے والے یہ عناصر عوام میں ساکھ کھو چکے ہیں۔ پنجاب میں وبائی مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار 835 ہو چکی ہے۔ 24 گھنٹے میں 777 نئے کیس سامنے آئے۔

انہوں نے اعدادوشمار بتاتے ہوئے کہا کہ وبا سے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 19 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبہ پنجاب میں جاں بحق مریضوں کی تعداد 4203 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے جاری بیان میں عالمی وبا کی صورتحال بارے بتاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے صوبوں کے ساتھ مل کر مرض کا مقابلہ کیا۔ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی اس دوران کارکردگی قابل قدر رہی اور اب بھی کوشاں ہیں۔ فرنٹ لائن ورکرز نے مریضوں کا بہت زیادہ خیال رکھا، ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ عوام نے وبا کے دوران بھرپور انداز سے احتیاطی تدابیر اختیار کیں۔ حکومت اور اداروں نے وبا کو کنٹرول کرنے میں بہترین حکمت عملی اختیار کی۔