سینٹرل جیل لاڑکانہ میں بڑی تعداد میں موبائل فون کی موجودگی کی اطلاع

سینٹرل جیل لاڑکانہ میں بڑی تعداد میں موبائل فون کی موجودگی کی اطلاع

لاڑکانہ : سینٹرل جیل لاڑکانہ میں بڑی تعداد میں موبائل فون کی موجودگی اورقیدیوں کی جانب سے فون استعمال کیے جانے کا انکشاف، پولیس کی جانب سے جیل میں آپریشن، قیدیوں نے  ویڈیوز بنا کر وائرل کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ سینٹرل جیل میں موبائل فونز کی برآمدگی کے لیے جیل انتظامیہ کی جانب سے صبح سویرے پولیس  کی مدد سے سرچ آپریشن کیا گیا اور آپریشن کے دوران قیدیوں پر شیلنگ بھی کی گئی ،

تاہم قیدیوں کی جانب سے آپریشن کے خلاف بیرکس سے باہر نکل کر احتجاج کیا گیا  اور پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر فائر کیے شیل ہاتھ میں اٹھا کر ویڈیوز بنا کر وائرل کی گئیں۔

 جبکہ ویڈیوز میں قیدیوں کی جانب سے موبائل فونز کی موجودگی کا اعتراف کرتے ہوئے الزام عائد کیا گیا کہ جیل انتظامیہ خود انہیں مہنگے داموں یہ فون فروخت کرتی ہے۔

 تاہم گزشتہ 3 گھنٹوں سے قیدیوں سے انتظامیہ کے مذاکرات جاری ہیں اور قیدیوں کو بیرکوں میں واپس بھیجنے کی کوشش کی جارہی ہیں جبکہ انتظامیہ نے رینجرز کو بھی اسٹینڈ بائے پر رکھا تاہم اطلاعات کے مطابق ابتک موبائل برآمد نہیں کیے جا سکے۔

واضح رہے کہ دیگر جیلوں کے اندر بھی ایسی  صورتحال کے حوالے سے خبریں آتی رہتی ہیں ، جس کے بعد جیل انتظامیہ ایسے واقعات کو روکنے کی کوشش کرتی ہے ۔