مچھ متاثرین سے اظہار تعزیت کیلئے وزیراعظم رواں ہفتے جائیں گے، شبلی فراز

مچھ متاثرین سے اظہار تعزیت کیلئے وزیراعظم رواں ہفتے جائیں گے، شبلی فراز
کیپشن: مچھ متاثرین سے اظہار تعزیت کیلئے وزیراعظم رواں ہفتے جائیں گے، شبلی فراز
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مچھ متاثرین سے اظہار تعزیت کے لئے وزیراعظم عمران خان رواں ہفتے ہی کوئٹہ جائیں گے اور ان کے دورے کے حوالے سے جلد ہی آگاہ کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مچھ میں جو ہوا اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے کیونکہ ماضی میں بھی ایسے دلخراش واقعات ہوتے رہے ہیں اور مچھ سانحے میں ملوث ملزمان کو بھی کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ متاثرین کی جانب سے کوئی غیر مناسب بات نہیں کی گئی اور جاں بحق افراد کی تدفین ہو اور انہیں طے شدہ معاوضہ بروقت ملے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کچھ لوگوں کی جانب سے ایسے واقعات پر پیچیدگیاں پیدا کی جاتی ہیں اور ورثے میں ملے مسائل کو دو سال میں ختم کر کے ملک کو سویڈن کی طرح نہیں بنا سکتے۔ 

خیال رہے کہ وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس میں میں فیصلہ نہ ہو سکا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت سینئر وفاقی وزراء اور پارٹی رہ نماوں کا اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے سانحہ مچھ کے حوالے سے بریفنگ دی اور متاثرین کو حکومتی امداد دینے کے حوالے سے تجویز کی منظوری بھی دی گئی۔ حکومتی قواعد کے مطابق متاثرین کی مالی امداد کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے وزارت داخلہ کو ہدایت بھی کی۔ 

واضح رہے کہ تین جنوری کو بلوچستان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نے اسلحے کے زور کمرے میں سونے والے گیارہ کان کنوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

اس واقعے کے بعد صدر مملکت پاکستان، وزیراعظم عمران خان سمیت مختلف سیاسی شخصیات نے اظہار مذمت کیا تھا جبکہ عمران خان نے ایف سی کو واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا تھا۔ تاہم ہزاری برادری نے پیش آنے والے سانحے کے بعد کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر اپنے پیاروں کی میتیں رکھ کر دھرنا دے دیا جو ابھی تک جاری ہے۔