کراچی: پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی، عمارت کا ایک حصہ زمین بوس

کراچی: پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی، عمارت کا ایک حصہ زمین بوس

کراچی:نیو کراچی کے انڈسٹریل ایریا میں پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری میں آگ لگ گئی جس کے باعث فیکٹری کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا جبکہ اس آگ نے قریبی 2 فیکٹریوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔
تفصیلات کے مطابق علی الصبح کراچی کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری میں گیس بھرنے کے باعث آگ لگ گئی۔جس وقت فیکٹری میں آگ بھڑکی اس وقت فیکٹری کی  چھت پر 6 سے 8 مزدور سو رہے تھے جو بروقت فیکٹری سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔
آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں تاہم تنگ گلیوں کے باعث انہیں امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑاجس کی وجہ سے آگ زیادہ پھیل گئی اور اس نے قریب ہی موجود ایک تولیہ بنانے والی فیکٹری اور ایک دھاگہ بنانے والی فیکٹری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
 فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیاں  آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ ریسکیو حکام نے قریب کے رہائشیوں کو آگ کے قریب نہ جانے کی ہدایت کی ہے کیونکہ فیکٹری کا ایک حصہ تو پہلے ہی گر چکا ہے اور اب دوسرا حصہ گرنے کا بھی خدشہ ہے جس کے باعث لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔