میکسیکو : جیل میں ہونے والی خونریز لڑائی میں 28قیدی ہلاک، درجنوں زخمی

میکسیکو : جیل میں ہونے والی خونریز لڑائی میں 28قیدی ہلاک، درجنوں زخمی

میکسیکو سٹی: میکسیکو کی ایک جیل میں حریف گروپوں کے درمیان لڑائی میں کم از کم 28 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں۔علی الصبح ہونے والی یہ لڑائی جنوب مغربی میکسیکو کے شہر اکاپلکو کی لاس کروسس جیل میں انتہائی سکیورٹی والی جیل میں دو دھڑوں کے درمیان ہوئی۔قیدیوں نے ایک دوسرے کو چاقو اور ڈنڈوں سے مارا اور بعض قیدیوں کے سر کاٹ ڈالے۔

گورنر نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔اکاپلکو ریاست گریرو کا سب سے بڑا شہر ہے، اور اسے میکسیکو کے سب سے پرتشدد علاقوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ یہاں منشیات کی پیداوار اور سمگلنگ کا کاروبار زوروں پر ہے۔ایک سکیورٹی ترجمان نے بتایا کہ جیل کے اندر مختلف جگہوں سے لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں باورچی خانہ بھی شامل ہے۔اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ واقعے میں اسلحہ استعمال کیا گیا ہو۔ تحقیقات میں جیل کے حکام پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ جیل کے اندر دو حریف گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی کے باعث پیش آیا۔

وفاقی پولیس اور فوج نے لاس کروسس جیل کے گرد حفاظتی حصار قائم کر لیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس جیل میں دو ہزار قیدی بند ہیں جو گنجائش سے کہیں زیادہ ہیں۔اکاپلکو ایک زمانے میں میکسیکو کا مقبول سیاحتی مقام ہوا کرتا تھا، لیکن تشدد اور منشیات کے دھندے نے اسے میکسیکو کے خطرناک ترین علاقوں میں سے ایک بنا دیا ہے۔میکسیکو میں پرتشدد واقعات عام ہیں۔ اس سال صرف مئی کے مہینے میں 2186 لوگ تشدد کا نشانہ بن کر قتل ہوئے.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.