سابق سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ گورنر اسٹیٹ بینک مقرر

سابق سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ گورنر اسٹیٹ بینک مقرر

اسلام آباد: حکومت نے سابق سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ کو آئندہ 3 برس کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کر دیا ہے۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے طارق باجوہ کی بحیثیت گورنر اسٹیٹ بینک تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور وہ آئندہ چند روز میں اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

یاد رہے گزشتہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بینک سربراہان کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا جلد اسٹیٹ بینک کا مستقل گورنر تعینات کر دیا جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا اسٹیٹ بینک کے نئے گورنر رواں ہفتے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اچانک ہونے والے اضافے کی تحقیقات بھی کریں گے۔

طارق باجوہ کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے ہے جو گذشتہ ماہ 18 جون کو سیکریٹری خزانہ کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ اس سے قبل وہ سیکریٹری دفاعی امور ڈویژن، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، سیکریٹری خزانہ پنجاب کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں