آفاق احمد نے فاروق ستار کی حمایت کر دی

آفاق احمد نے فاروق ستار کی حمایت کر دی

کراچی:  چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی حمایت کا اعلان کردیا۔مہاجر قومی موومنٹ (حقیقی)کے سربراہ آفاق احمد نے پی ایس 114 ضمنی الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار کامران ٹیسوری کی حمایت کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمد نے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ ضائع نہ کریں، مجھے پرواہ نہیں کہ کامران ٹیسوری کامیاب ہوں یا ناکام، مہاجروں کے ووٹ ایک ہی جھولی میں جانے چاہئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج مہاجروں کے تقسیم ہونے کی وجہ سے لوگ یہاں جمع ہوئے ہیں، پی ایس 114 کے عوام اپنے ووٹ کا بھرپور استعمال کریں، آئندہ انتخابات میں کامیابی کیلئے مہاجروں کو متحد ہونا ہوگا،علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے ضمنی الیکشن میں حمایت پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے رابطہ نہیں کیا، آفاق احمد نے خود ہی حمایت کا اعلان کیا ہے، یہ ان کی مہاجروں سے وابستگی کی پالیسی کا ثبوت ہے۔

ایک انٹرویو میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے آفاق احمد کی پریس کانفرنس اور حمایت کے اعلان سے لاعلمی کا اظہار اور ساتھ ہی خیرمقدم بھی کیا، بولے کہ چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے ضمنی الیکشن میں حمایت کا اعلان خود کیا ہے، ہم نے کسی سے رابطہ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آفاق احمد کی جانب سے پی ایس 114 کے ضمنی الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار کامران ٹیسوری کی حمایت کا خیر مقدم کرتا ہوں، انہوں نے مہاجروں سے وابستگی کی پالیسی کا ثبوت دیا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے دعوی کیا کہ ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کو بدترین شکست دیں گے۔

مصنف کے بارے میں