جے آئی ٹی پر تحفظات پر ہماری داد رسی نہیں ہوئی، سعد رفیق

جے آئی ٹی پر تحفظات پر ہماری داد رسی نہیں ہوئی، سعد رفیق

اسلا م آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ قطری شہزادہ اپنے ملک کا سابق وزیراعظم ہے ۔جے آئی ٹی انہیں پاکستانی شہری کی طرح لے رہی ہے،انہیں ڈرایا جارہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جے آئی ٹی نے قطری شہزادے کو خط میں ڈرانے دھمکانے کا لب و لہجہ اختیار کیا گیا ہے،قطر کے سابق وزیراعظم کا ایسے ٹرائل کررہے ہیں حالانکہ وہ تعاون کو تیار ہیں۔ان کا کہناتھاکہ قطری شہزادہ پاکستانی قانون کے تحت کیسے پیش ہوسکتا ہے؟ جے آئی ٹی پر تحفظات پر ہماری داد رسی نہیں ہوئی ۔ تصویر لیک کے معاملے پر خاموشی رہی جس کا جواز نہیں بنتا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حمد بن جاسم نے کہا بھی ہے کہ جے آئی ٹی دوحہ آکر بیان لے لے مگر جے آئی ٹی میں جن کا کنٹرول ہے ،وہ قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ نہیں کرنا چاہتے ۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے آئین و قانون کی سربلندی کیلئے خود کو پورے خاندان سمیت پیش کیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل پر وزیراعظم کو مشورہ دیا گیا کہ عدالتی دائرہ کار کو چیلنج کریں مگر وزیراعظم نے خود سپریم کورٹ سے کمیشن بنانے کی بات کی اور آئین و قانون کی سربلندی کیلئے پورے خاندان کو عدالت میں پیش کیا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کا طارق شفیع کے لئے رویہ دھمکی آمیز تھا، گاڈ فادر اور مافیا جیسے ریمارکس پر عدالت جاسکتے تھے مگر ملکی اداروں کے وقار کے خیال سے خاموش رہے ہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سپریم کورٹ میں تینوں درخواستیں ن لیگ کے ان سیاسی مخالفین کی ہیں جنہیں ہمیشہ ن لیگ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں