جمہوریت اور پارلیمانی نظام پاکستان کے لیے بہتر نظام ہے، لیاقت بلوچ

جمہوریت اور پارلیمانی نظام پاکستان کے لیے بہتر نظام ہے، لیاقت بلوچ

لاہور : جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہور میں سیاسی کارکنان کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جمہوریت اور پارلیمانی نظام پاکستان کے لیے بہتر نظام ہے ۔ آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے تو سول ملٹری تعلقات ، انسانی حقوق اور انتخابی نظام پر اعتماد میں بہتری اور بحالی ہوسکتی ہے ۔ آئین سے ماورا نظام اور محلاتی سازشیں ہمیشہ جمہوریت اور قومی وحدت و سلامتی کے لیے خطرناک تنائج لاتی ہیں ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف اکثریتی پارٹی کے سربراہ اور بااختیار چیف ایگزیکٹو ہیں وہ واویلا اور سیاسی ابہام پیدا کرنے کی بجائے اپنی طاقت سے پارلیمنٹ اور عدلیہ میں سازشوں کو بے نقاب کریں ۔ ہمار ا مطالبہ تھاکہ پانامہ پیپرز بحران کی موجودگی میں وزارت عظمیٰ پر قائم رہنا پورے نظام کے لیے خطرناک ہوگا ۔ حکمران خاندان حکومتی ریاستی اختیارات کے ساتھ جے آئی ٹی کی تفتیش میں شامل بھی ہے اور دھمکا بھی رہے ہیں ۔ ریاستی اداروں کو عوامی امنگوں کے مطابق احتساب پر قائم رکھنا ہے اور تفتیش کو حکومتی اندھی طاقت سے بھی بچانا ہے ۔ غیر آئینی اقدام کے خلاف تمام جمہوری قوتیں متحد ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات سے پہلے مردم شماری کے نتائج کا بلاتاخیر اعلان اور نتائج منظر عا م پر لائے جائیں ۔آبادی کے مطابق قومی اور صوبائی حلقوں کی نئی حلقہ بندی کی جائے اور پارلیمانی کمیٹی انتخابی اصلاحات کی حتمی سفارشات اب قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کر دیں تاکہ سیاسی جماعتیں انتخابی ماہرین اور تمام سٹیک ہولڈرز اپنی رائے کا اظہار کر سکیں ۔ حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان قومی انتخابات کے لیے تمام امور پر بروقت اقدامات کریں ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں