امریکہ کے بعد روسی سفارتکار ان ایکشن ، پاک فضائیہ کے اہلکار کو ٹکر دے ماری

امریکہ کے بعد روسی سفارتکار ان ایکشن ، پاک فضائیہ کے اہلکار کو ٹکر دے ماری
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے علاقے مارگلہ روڈ پر روسی سفارت خانے کی گاڑی نے پاک فضائیہ کے اہلکار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں بیوی، بیٹی اور وہ خود زخمی ہوگئے۔

 پاک فضائیہ کا اہلکار ریاض موٹر سائیکل پر اہلیہ اور بیٹی سمیت مارگلہ روڈ سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران روسی سفارت خانے کی گاڑی نے اُسے ٹکر مار دی۔

حادثے کے نیتجے میں موٹرسائیکل پر سوار ایک خاتون اور بچی سمیت تین افراد زخمی ہوئے، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو پی اے ایف ہسپتال منتقل کیا جبکہ مذکورہ گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق گاڑی روسی سفارت خانے کے تھرڈ سیکریٹری ایلگزینڈر کی ہے جسے قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مئی میں امریکی سفارت کار کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے اسلام آباد میں مقامی عتیق نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا، جس کے بعد امریکی سفارت کار کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ امریکی سفارت کار کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان عتیق کے والد نے ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزم کرنل جوزف کو مکمل استثنیٰ حاصل نہیں، وزارت داخلہ امریکی سفارت کار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے 2 ہفتوں میں فیصلہ کرے۔