شریف خاندان کے وکلاء نے فیصلے کیخلاف اپیلیں تیار کر لیں

شریف خاندان کے وکلاء نے فیصلے کیخلاف اپیلیں تیار کر لیں
کیپشن: ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے خلاف اپیلیں پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کریں گے۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: شریف خاندان کے وکلاء نے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے خلاف نوازشریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلیں تیار کر لیں۔

ذرائع کےمطابق ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے خلاف اپیل نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے تیار کی ہیں اور ابھی ان کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور یا اڈیالہ جیل میں رکھنے کا امکان

ذرائع کا کہنا ہے کہ وکلاء ابھی عدالتی فیصلے کا مزید باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اپیلوں میں کچھ چیزیں اور شامل کی جا سکیں۔

اپیلیں دائر کرنے کے حوالے سے وکلاء نے اپنے مؤکلین سے بھی مشاورت کی ہے جب کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے وکالت ناموں پر دستخط بھی کر دیئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وکلاء نے نواز شریف اور مریم نواز کو مشورہ دیا ہے کہ اگر 10 دس روز میں وہ پاکستان نہ آئے تو اپیلوں میں ریلیف ملنا مشکل ہے۔ شریف خاندان کے وکلاء ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے خلاف اپیلیں پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  کیپٹن (ر) صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا، ذرائع

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور ان کے شوہر محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے جب کہ سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی پر جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ عدالت نے ملزمان کو اپیلیں دائر کرنے کے لیے 10 روز دیئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں