میرے خیال میں محمد حفیظ کو اب ریٹائر ہوجانا چاہیے: وقار یونس

میرے خیال میں محمد حفیظ کو اب ریٹائر ہوجانا چاہیے: وقار یونس

لندن:قومی ٹیم کے سینئر آل راﺅنڈر شعیب ملک کی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وقار یونس نے محمد حفیظ کو بھی ریٹائرمنٹ لینے کا مشورہ دے ڈالا۔


تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے کہا کہ ہر کرکٹر کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے تاہم میرے خیال میں محمد حفیظ کو اب ریٹائر ہوجانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کی عمر بھی اب 39 سال کے قریب ہوچکی اور پاکستان کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 اور آئندہ چیمئنز ٹرافی کیلیے نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنا چاہیے۔سابق کوچ نے کہا کہ بابر اعظم، امام الحق، حارث سہیل اور شاہین شاہ آفریدی تیزی سے بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کو سمجھ رہے ہیں جو پاکستان کیلئے بڑی خوش آئند بات ہے۔

شعیب ملک کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آل راؤنڈر کی پاکستان کرکٹ کیلئے بڑی خدمات رہی ہیں۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک نے طویل کیریئر کے دوران کئی بار یادگار کارکردگی پیش کی تاہم ہر کرکٹر کو ایک نہ ایک دن کھیل کو خیرباد کہنا ہی ہوتا ہے۔

وقار یونس نے کہا کہ شعیب ملک نے ون ڈے سے ریٹائرمنٹ لینے کا اچھا فیصلہ کیا اور وہ ٹی 20 کرکٹ میں مزید ایک، دو سال کھیلنے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔