قومی ٹیم کے کھلاڑی وطن واپس پہنچنا شروع،سرفراز آج پریس کانفرنس کریں گے

قومی ٹیم کے کھلاڑی وطن واپس پہنچنا شروع،سرفراز آج پریس کانفرنس کریں گے

اسلام آباد: ورلڈ کپ کے شاہین ناکام گھروں کو لوٹ آئے جبکہ کچھ کھلاڑی اور کوچنگ سٹاف نے وطن واپسی کا فیصلہ فی الحال موخر کردیا جو کہ بعد میں آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ2019 میں بنگلہ دیش کیخلاف فتح سے اپنے سفر کا اختتام کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی وطن واپس پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔لاہورائرپورٹ پہنچنے والے کھلاڑیوں میں بابر اعظم، امام الحق اور آصف علی شامل ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ساتھی کھلاڑی محمد حسنین رات ایک بجے کراچی ائر پورٹ پر اترے۔

ٹرمینل سے باہر آتے ہی سرفراز کو سکیورٹی حصار میں لے لیا گیا تھا لیکن عوام نے کسی ہنگامہ آرائی کے بجائے کپتان کے حق میں نعرے بازی کی۔

سرفراز نے صحافیوں کے سوالات کا صرف ایک جواب دیا کہ وہ آج دوپہر میں پریس کانفرنس کریں گے۔شاہین آفریدی، عماد وسیم، شاداب خان اور فخر زمان اسلام آباد آئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران اور کھلاڑیوں کے اہل خانہ نے ائرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا۔شاہین آفریدی اور عماد کے ساتھ مداحوں نے سیلفیاں بھی بنوائیں۔

مداحوں سے ملنے کے بعد شاداب خان راولپنڈی، عماد وسیم اسلام آباد، شاہین آفریدی اور فخر زمان اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو چکے ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے حسن علی، محمد عامر، محمد حفیظ، شعیب ملک اوروہاب ریاض نے فی الحال وطن واپسی کے بجائے بیرون ملک قیام کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر، باؤلنگ کوچ اظہرمحمود اوربیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے بھی بعد میں واپسی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

وطن واپسی کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں نے علیحدہ علیحدہ پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔شاداب خان اور عماد وسیم آٹھ جولائی کو جب کہ بابراعظم اور امام الحق نے 9 جولائی کو پریس کانفرنس کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔