سی پیک پر وزیراعظم پاکستان کے بیان سے مکمل اتفاق کرتے ہیں، چین

سی پیک پر وزیراعظم پاکستان کے بیان سے مکمل اتفاق کرتے ہیں، چین
کیپشن: سی پیک پراجیکٹ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا آغاز ہے، لی جیان زاؤ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لی جیان زاؤ نے سی پیک منصوبے پر وزیراعظم عمران خان کے بیان سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پراجیکٹ پاکستان کی ترقی میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔

بیجنگ میں میڈیا بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے لی جیان زاؤ نے کہا کہ سی پیک پراجیکٹ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا آغاز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کو زبردست طریقے سے آگے بڑھانے کا باعث بنے گا۔

گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سی پیک پاکستان کے روشن مستقل کی ضمانت ہے۔ پاک چین دوستی کے مظہر اس منصوبے کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

رواں ماہ 3 جولائی کو وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر کامرس عبدالرزاق داؤد، وفاقی وزرا عمر ایوب اور خسرو بختیار بھی شریک ہوئے۔