تحریک انصاف سندھ کی قیادت کا کے الیکٹرک کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

تحریک انصاف سندھ کی قیادت کا کے الیکٹرک کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان
کیپشن: کراچی شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک ہوگیا ہے، فردوس شمیم نقوی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی:پاکستان تحریک انصاف صوبہ سندھ کی قیادت نے کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی نجی کمپنی کے الیکٹرک کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔تحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا جاری ہے۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کا دھرنے سے خطاب میں کہنا تھا کہ جو تاریں اتاری گئیں، ان کا وزن کتنا تھا وہ کس ریٹ میں بِکیں؟ جب تک کے الیکٹرک مثبت جواب تحریر میں نہیں دے گا تب تک ہم یہاں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کے الیکٹرک کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے اور چیف جسٹس سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل کرتا ہوں۔ان کا کہنا ہے کہ ہم انہیں ایک ہفتے سے کہہ رہے ہیں کہ عوام کے سامنے وعدے کریں۔

خیال رہے کہ جون کے مہینے میں گرمی بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں14 سے 16 گھنٹے تک بجلی غائب رہنے لگی تھی اور اب بارش کا بہانہ بناکر کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک ہوگیا ہے جس کے باعث شدید گرمی کے موسم میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔