مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ 2 نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ 2 نوجوان شہید
سورس: file photo

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ ‏قابض افواج نے کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں محلہ کرالغنڈ میں نام نہاد سرچ آپریشن کیا۔

قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس بھی پامال کیا گیا۔

نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض فوج نے بے قصور 2 نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے بعد گولیاں مار کر شہید کر دیا۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان میں سے ایک نوجوان حزب المجاہدین کے دیرینہ کمانڈر معراج الدین حلوائی تھے جنہیں جھڑپ کے دوران شہید کیا گیا۔ دوسری طرف مقامی افراد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسے جعلی مقابلہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد ماورائے عدالت شہید کیا گیا۔