شاہ زین بگٹی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا

شاہ زین بگٹی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا
کیپشن: شاہ زین بگٹی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی کو معاون خصوصی مقرر کر دیا۔

اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم نے شاہ زین بگٹی کو بلوچستان میں مفاہمت اور ہم آہنگی سے متعلق معاون خصوصی مقررکیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی کا عہدہ اور مراعات وفاقی وزیر کے برابر ہوں گی۔

شاہ زین بگٹی حکومت کی جانب سے ناراض بلوچ رہنماوَں سے بات چیت کریں گے اور وزیر اعظم عمران خان نے شاہ زین بگٹی کو تمام معاملات سے متعلق بات چیت کا اختیار دیدیا ہے۔

خیال رہے کہ گوادر دورے پر وزیراعظم عمران خان نے مقامی عمائدین، طلبہ اور کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو پاکستان کا سوچے گا، وہ بلوچستان کا ضرور سوچے گا اور میں ناراض بلوچوں سے بات کرنے کا سوچ رہا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں صرف الیکشن جیتنے کے لیے کام کیے گئے لیکن میرا مقصد عوامی خدمت ہے۔ چاہتا تو لندن میں شاہانہ زندگی گزار سکتا تھا لیکن میری ترجیح کچھ اور ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یکساں ترقی سے ملک اوپر اٹھتا ہے اور سوچتا تھا اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو بلوچستان پر توجہ دیں گے جبکہ ہم بلوچستان کا احساس محرومی ختم کریں گے۔ سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہو گا اور اس صوبے کی عوام کیلئے انٹرنیٹ کی سہولت تھری اور فور جی متعارف کرائیں گے۔