چار سالہ انڈر گریجویٹ اور دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامزپر عمل درآمدکو مؤخر نہیں کیا جارہا، ایچ ای سی

HEC-Pakistan,Higher Education Commission

 اسلام آباد :ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے کہا2 جولائی کو منعقدکردہ وائس چانسلرز کمیٹی اجلاس کے تناظر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر چار سالہ انڈرگریجویٹ اور دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری(Associate Degree - AD) پروگرامزکے اجراء کو مؤخرکرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبریں گمراہ کن اور غلط ہیں۔ دونوں پروگرامز برقرار ہیں اور ان پر عمل درآمد پہلے کی طرح جاری رہے گا۔

 ایچ ای سی کی طرف سے 11جولائی 2019کو جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں بی اے/ بی ایس سی پروگرامز کی ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز میں منتقلی اور ایم اے/ایم ایس سی پروگراموں کے بتدریج خاتمے سے متعلق درج شدہ پالیسی کا نفاذ جاری رہے گا۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل اوروائس چانسلرز کمیٹی کے چیئرمین اور قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی مشترکہ صدارت میں ملک بھر سے تمام وائس چانسلرز کا اجلاس 2جولائی کومنعقد کیا گیا۔

 اجلاس کا انعقاد اْن وائس چانسلرز کی درخواست پر کیا گیا جنہوں نے انڈرگریجویٹ ایجوکیشن پالیسی اور پی ایچ ڈی پالیسی کے نفاذ سے متعلق چند مسائل اْٹھائے۔ اِن مسائل پر تفصیلی بحث و تمحیص کی گئی اور اکثریت کی آراء  کی بنیاد پر درج ذیل سفارشات ایچ ای سی کی گورننگ باڈی یعنی کمیشن کے لیے تیار کی گئی ہیں۔

 انڈرگریجویٹ ایجوکیشن پالیسی اور پی ایچ ڈی پالیسی کے نفاذ کو خزاں 2022 تک مؤخر کرنے کی تجویزکمیشن کے سامنے رکھی جائے گی۔وائس چانسلرز کمیٹی جولائی کے چوتھے ہفتے میں ایک سہ روزہ اجلاس منعقد کرے گی جس میں مسائل اور ان کے عملی حل پر غور و فکر کیا جائے گا۔

 وائس چانسلرز کی طرف سے پیش کردہ سفارشات پر مبنی ایک سمری کمیشن میں لے جائی جائے گی جس میں اصل صورتحال کو اجاگر کیا جائے گا اور کمیشن سے درخواست کی جائے گی کہ دونوں پالیسیوں پر عمل درآمد کو آسان بنانے کے لیے مجوزہ ترامیم کی اجازت دی جائے۔ ایسی جامعات جو اِ ن پالیسیوں کو اختیار کرنے کے لیے راضی ہیں یا انہیں پہلے ہی اختیار کر چکی ہیں وہ مستعدی سے پالیسیوں کا نفاذجاری رکھیں گی۔