پارٹی چھوڑ کے جانے والوں کی وجہ سے پریشان نہیں ، بلاول بھٹو

پارٹی چھوڑ کے جانے والوں کی وجہ سے پریشان نہیں ، بلاول بھٹو

لاہور:  پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر پی ٹی آئی اور دوسری جماعتوں میں جانے والے ارکان کا سلسلہ بڑھتا ہی جارہاہے ۔فردوس عاشق اعوان کے بعد نذر محمد گوندل کے پی ٹی آئی میں شمولیت نے پیپلز پارٹی کو خاص نقصان پہنچایا ہے تاہم  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کی پریشانی نہیں ،جیالے ہمارے ساتھ ہیں، ملک کو پانامیوں اور سونامیوں سے نجات دلا کر قوم کو ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان دیں گے۔ پاناما کیس اور جے آئی ٹی کی کارروائی قانون کی حکمرانی کا بھی امتحان ہے، دیکھتے ہیں تخت رائے ونڈ کا احتساب ہوتا ہے یا نہیں۔

بلاول ہاﺅس میں پارٹی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم لوگوں کی جانب سے سیاسی ہمدردیاں بدلنے سے گھبرانے والے نہیں، لوگوں کا پارٹیاں بدلنا سیاست کا حصہ ہے،پارٹی کے جیالے اور عوام ان کی طاقت ہیں، ہم سب ملکر لڑیں گے، پیپلز پارٹی پانامیوں اور سونامیوں سے پنجاب کی جان چھڑائے گی۔ تاریخ گواہ ہے کہ شریف خاندان کا کبھی احتساب نہیں ہوا، جن کو جے آئی ٹی میں بلایا جارہا ہے ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، دیکھتے ہیں تخت رائے ونڈ کا احتساب ہوتا ہے یا نہیں۔ ایک بار پھر ثابت ہورہا ہے کہ دوسروں کیلئے گڑھے کھودنے والے خود ہی ان میں گرتے ہیں۔

سندھ حکومت نے حقیقی طور پر عوامی بجٹ پیش کیا ہے جس میں تعلیم اور صحت ترجیح دی گئی ہے جبکہ صوبے کے سربراہ نے مالی اور توانائی شعبوں میں وفاقی حکومت کے خلاف امتیازی سلوک پر احتجاج بھی کیا ہے۔ اب جب تاریخ کے اس موڑ پر سندھ کا بجٹ 10 کھرب سے تجاوز کرچکا ہے عوام کی توقعات بھی بڑھ گئی ہیں، عوام دوست بجٹ پیش کرکے حکومت سندھ ترقی کی نئی راہیں کھول دی ہیں جس سے عوام کی اکثریت کو فائدہ پہنچے گا پنجاب کی طرح صرف بڑے لوگوں کا فائدہ نہیں ہوگا، سندھ کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مکمل طور پر وفاقی حکومت پر انحصار نہیں کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.